PCB Logo

غیرجانبدارانہ امپائرنگ ڈومیسٹک سیزن

غیرجانبدارانہ  امپائرنگ ڈومیسٹک سیزن  20-2019 کیلئے پی سی بی کی ترجیح

 

ڈومیسٹک میچز میں میچ ریفریز کن کشن کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے

ڈومیسٹک میچز کی لائیو اسٹریمنگ سےامپائرز کی کارکردگی جانچی جائے گی

فرسٹ الیون میچز میں مہمان ٹیم چاہے تو ٹاس کے بغیر پہلے بولنگ کرنے کا اختیار استعمال کرسکتی ہے

سیزن کے تمام میچزصرف ایلیٹ پینل میں شامل امپائرز سپروائز کررہے ہیں

ڈومیسٹک سیزن میں امپائرنگ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بلال قریشی منیجر امپائرز اینڈ ریفریز پی سی بی

لاہور،16 ستمبر 2019ء:

پاکستان کرکٹ بورڈنے ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا عزم کررکھا  ہے۔ ڈومیسٹک سیزن کے تمام میچز ملک بھر میں دستیاب بہترین کرکٹ گراؤنڈز میں کروائے جارہے ہیں۔ پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کے تمام فرسٹ کلاس اور نان فرسٹ کلاس میچز کے لیےصرف ایلیٹ پینل میں شامل امپائرز کو میدان  میں اتارنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس سے قبل  ایلیٹ  سمیت فرسٹ کلاس اور ڈویلمپنٹ پینل کے امپائرز  فرائض سر انجام دیتے تھے۔

منیجر امپائرز اینڈ ریفریز پی سی بی بلال قریشی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے پاس مجموعی طور پر 114 امپائرز موجود ہیں۔ جن میں سے 24 کا تعلق ایلیٹ اور 90 کا ڈویلمپنٹ پینل سے ہے۔ ایلیٹ پینل میں شامل امپائرز  فرسٹ کلاس اور نان فرسٹ کلاس ڈومیسٹک میچز میں ذمہ داریاں نبھارہے ہیں جبکہ انٹر اسٹی اور نیشنل سٹی مقابلوں میں ڈویلمپنٹ پینل میں شامل امپائرز فرائض سر انجام دیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے معیار کے مطابق پی سی بی نے بھی آئندہ  ڈومیسٹک سیزن میں کن کشن کے قانون  کو متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے تمام میچ آفیشلز کو آگاہ کردیا گیا ہے۔منیجر امپائرز اینڈ ریفریز پی سی بی کا کہناہے کہ  دوران میچ اگر  کسی کھلاڑی کو سر یا گردن پر چوٹ لگے اور وہ نیم بیحوشی کی حالت محسوس کرے  تو ٹیم اور وینیو ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل پینل کی رپورٹ کی روشنی میں میچ ریفری کو متبادل کھلاڑی کی اجازت دینے  کا فیصلہ کرنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں ٹاس ختم کرنے کا فیصلہ مقابلے کی فضاء بڑھانے کے لیے کیا ہے۔ میچ کے آغاز سے قبل ریفری مہمان ٹیم کے کپتان سے استفسار کرے گا کہ آیا وہ پہلے وہ بولنگ کرنے کے خواہشمند ہیں، اگر مہمان ٹیم کا کپتان چاہے تو ٹاس کے بغیر پہلے بولنگ کرنے کا اختیار استعمال کرسکتا ہے۔ دوسری صورت میں میچ ریفری  دونوں کپتانوں کے درمیان فیصلہ کرنے کے لیے ٹاس کرے گا۔

پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں امپائرنگ کے معیار میں مزید بہتری لانے کے لیے گذشتہ سیزن میں ذمہ داریاں نبھانے والے امپائرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے۔ پی سی بی نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 5 ایلیٹ امپائرز کی تنزلی کرتے ہوئے انہیں ڈویلمپنٹ پینل میں شامل کردیا ہے۔بلال قریشی کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرزکی بطور امپائر ایلیٹ پینل میں شمولیت کو ترجیح دی جاتی ہے تاہم کسی بھی امپائر کی عمر اور کمونیکیشن اسکلز کومدنظر رکھتے ہوئے اس کی قابلیت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین ذمہ داری نبھانے والے امپائرز کو انٹرنیشنل پینل میں  شمولیت کا موقع دیا جاتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے امپائرز کے لیے کم از کم قابلیت انٹرمیڈیٹ مقرر ہے تاہم پی سی بی پینل میں پروفیسرز، ماسٹرز  اور پی ایچ ڈی  ڈگری ہولڈرز امپائرز بھی موجود ہیں۔                                

بلال قریشی نے کہا کہ امپائر کسی کا دوست نہیں ہوتا۔امپائر ایک منصف ہے جس کی ذمہ داری دوران میچ  کھیل کی حقیقی روح کو برقرار رکھناہے۔ انہوں نے  کہا کہ غیرجانبدارانہ امپائرنگ ڈومیسٹک سیزن 20-2019 سے متعلق پی سی بی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈومیسٹک سیزن کے چند میچز لائیواسٹریم کیے جارہے ہیں جس سے  پی سی بی امپائرز اینڈ ریفریز ڈیپارٹمنٹ کو براہ راست امپائرز کی کارکردگی جانچنے میں مدد ملے گی۔ اس سے قبل امپائرز کی کارکردگی صرف کپتانوں اور میچ ریفری کی رپورٹ سے  جانچی جاتی تھی۔  پی سی بی ایلیٹ پینل میں شامل امپائرز کا تعلق سدرن پنجاب، خیبرپختون خواہ ، سنٹرل پنجاب، سندھ، بلوچستان اور ناردرن کے علاقوں سے ہے۔ بلال قریشی کا کہنا ہے کہ دوران میچ کھلاڑیوں کی جانب سے پیش آنے والے واقعات سے نمٹنے کے لیے پی سی بی کا کوڈ آف کنڈکٹ موجود ہے۔ جس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے  امپائرز کے لیے مراعات کا سلسلہ بھی گذشتہ 2 سال سے جاری ہے۔ رواں سیزن میں 13 امپائرزکو پی سی بی کی جانب سے سنٹرل کنٹریکٹ دئیے جارہے ہیں۔ جن میں پی سی بی  انٹرنیشنل پینل میں شامل 4 امپائرز بھی  شامل ہیں۔  دوسری جانب پی سی بی کے  انٹرنیشنل پینل میں شامل 2 ریفریز سمیت مجموعی طور پر 5 میچ ریفریز کورواں سال  کنٹریکٹ دیا جارہا ہے۔علیم ڈار کے علاوہ انٹرنیشنل پینل میں شامل تمام امپائرزرواںسیزن میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ڈومیسٹک امپائرز کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ کی مد میں پہلی بار مراعات کا آغاز کرنے والے پی سی بی منیجر امپائرز اینڈ ریفریز بلال قریشی کا کہنا ہے کہ امپائرز کو تازہ ترین قوانین سے آگاہی دینے کے لیے پی سی بی سالانہ بنیادوں پر ریفریشر کورسز کا انعقاد کرتا ہے۔ اس سال بھی ملک بھر کے میچ آفیشلز کوجدید قوانین سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ پی سی بی ڈومیسٹک پلیئنگ کنڈیشنز، کوڈ آف کنڈکٹ اور لباس کے قوانین سے روشناس کروادیا گیا ہے۔

بلال قریشی کا مزید کہنا ہےکہ پی سی بی پینل میں شامل امپائرز آف سیزن میں فضل محمود اور رمضان کپ میں فرائض انجام دیتے ہیں۔انہوں نے کہ دو سال قبل پی سی بی نے ملک بھر میں گراس روٹ لیول پر امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھانے والےمیچ آفیشلز کی ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا۔ جس سے  450 سے زائد مزید امپائرزکے کوائف پی سی بی کو موصول ہوئے۔ جس سے اچھا بیک ا پ تیار ہوسکتا ہے۔